پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 25 افراد انتقال کر گئے اور 7539 نئے مریض بھی سامنے آئے۔



پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 63272 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 7539 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 25 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.92 فیصد رہی۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29162 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 93 ہزار 887 تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1784 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 72 ہزار 871 ہو گئی ہے۔

41 فیصد پاکستانیوں نے کورونا کیخلاف حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہونے کا اظہار کیا ہے ۔

عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ پاکستان نے نیا سروے جاری کردیا ہے جس کے مطابق 41 فیصد پاکستانی کورونا کیخلاف حکومتی کارکردگی سے مطمئن جبکہ 29  فیصد نے کارکردگی سے غیر مطمئن ہونے کا بتایا۔

سروے کے مطابق حکومتی اعلانات کے باوجود61 فیصد پاکستانی کورونا کو سنجیدہ لینے کو تیار نہیں اور کورونا سے لاحق خطرات کو مبالغہ آرائی پر مبنی قرار دیا جبکہ 32 فیصد شہری خطرات کو حقیقی سمجھتے ہیں۔

دوسری جانب کورونا کو غیرملکی سازش قرار دینے والے پاکستانیوں کی شرح 49 فیصد سے گھٹ کر 41 فیصد ہوگئی ۔

گیلپ سروے کے مطابق کورونا وائرس کے خاتمےکے سوال پر 25   فیصد پاکستانیوں نے انکشاف کیا کے کورونا تو ملک سے کب کا ختم ہوچکا ۔